پاک چین تعلقات ہر آزمائش اور ہر موسم میں فولادی دوستی کی مثال ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

Calender Icon جمعرات 25 ستمبر 2025

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات اپنی گہرائی اور مضبوطی کے اعتبار سے دنیا میں اپنی مثال آپ ہیں۔ یہ آزمودہ، ہر موسم میں قائم اور فولادی دوستی ہے جو دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لاتی ہے۔ وہ کراچی میں چینی قونصلیٹ کی جانب سے چین کے 76ویں قومی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔وزیراعلیٰ سندھ نے تقریب میں شرکت کی اور قونصل جنرل چین کو گل دستہ پیش کرتے ہوئے چینی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ اور پاکستان کے عوام کی جانب سے چینی حکومت اور عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ عوامی جمہوریہ چین نے 76 برس قبل ترقی، اتحاد اور قومی احیاء کے تاریخی سفر کا آغاز کیا تھا اور آج چین دنیا میں استقامت، جدت اور عالمی قیادت کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے نہ صرف اپنے عوام کی خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے بلکہ دنیا میں امن، تعاون اور مشترکہ ترقی کے لیے بھی شاندار خدمات انجام دی ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاک چین دوستی قراقرم کی چوٹیوں سے لے کر بحیرۂ عرب کے ساحلوں تک ہر آزمائش اور خوشی کے موقع پر ایک دوسرے کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سال بھی ہمارے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کر گیا ہے اور اعلیٰ سطح کے دوروں نے اسٹریٹجک ہم آہنگی کو نئی وسعت دی ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت سندھ میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، توانائی منصوبے اور صنعتی تعاون نے صوبے کی کایا پلٹ دی ہے اور عوام کی زندگیوں پر براہِ راست مثبت اثرات مرتب کیے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سی پیک فیز ٹو میں صنعت، زراعت، کان کنی، ٹیکنالوجی اور تعلیم جیسے شعبوں میں مزید تعاون کے خواہاں ہیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ اور پاکستان کے عوام اس خصوصی تعلق کو مزید مستحکم کرتے رہیں گے اور چینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اس شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے تاکہ آئندہ نسلوں کے لیے امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن نہ صرف چین کے قومی دن کا جشن ہے بلکہ پاک چین اٹل دوستی کے عزم کی تجدید کا دن بھی ہے۔