شاہین آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں اہم اعزاز اپنے نام کرلیا

Calender Icon جمعہ 26 ستمبر 2025

قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں اہم اعزاز اپنے نام کرلیا۔

بنگلہ دیش کے خلاف ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں شاہین آفریدی نے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے نہ صرف بیٹنگ میں برق رفتار 19 رنز بنائے بلکہ پہلے ہی اوور میں وکٹ لینے کی اپنی روایت بھی برقرار رکھی۔

شاہین نے پہلے ہی اسپیل میں بنگلہ دیش کے دو ٹاپ آرڈر بلے بازوں کو پویلین واپس بھیج دیا۔ 17ویں اوور میں شاہین نے بنگلہ دیش کو جیت کے قریب لے جانے والے شمیم حسین کو چلتا کیا اور پاکستان کی جیت کی راہ ہموار کردی۔

انہوں نے چار اوورز میں 17 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔

شاہین آفریدی کو آل راؤنڈ کارکردگی پہ میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جو ان کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں دسواں مین آف دی میچ کا ایوارڈ ہے۔


وہ اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے فاسٹ بولر بن گئے ہیں۔