اسلام آباد:(نیوزڈیسک) صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہبا زشریف نے بنگلہ دیش کی سابق وزیرِ اعظم بیگم خالدہ ضیاء کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے
صدر ِ مملکت نے اپنے پیغام میں بیگم خالدہ ضیاء کے اہلِ خانہ اور بنگلہ دیش کے عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بیگم خالدہ ضیاء کی سیاسی خدمات اور قیادت کو احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔ صدر آصف علی زرداری نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی چیئرپرسن بیگم خالدہ ضیاء کے انتقال پر گہرے رنج اور غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ بیگم خالدہ ضیاء کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ بیگم خالدہ ضیاء نے اپنی پوری زندگی بنگلہ دیش کی خدمت اور اس کی ترقی و خوشحالی کے لیے وقف کی جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بیگم خالدہ ضیاء پاکستان کی مخلص دوست تھیں۔ انہوں نے حکومتِ پاکستان اور عوام کی جانب سے بنگلہ دیش کے عوام سے اس دکھ کی گھڑی میں دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحومہ کے اہلِ خانہ، دوستوں اور بنگلہ دیش کے عوام کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔












منگل 30 دسمبر 2025 