نوجوانوں کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے : رانا مشہود
اسلام آباد:(نیوزڈیسک) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کی ترقی کے لیے ملک بھر میں یکساں مواقع فراہم کرنے کے حکومتی عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں، جس سے نہ صرف معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ نوجوانوں کے لیے روزگار اور ہنرمندی کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس طرح کی سرمایہ کاری قومی معیشت کے استحکام اور نوجوان نسل کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
تقریب کے دوران چیئرمین نے اعلان کیا کہ ٹی ٹی کیئر فاؤنڈیشن لاہور کی جانب سے ملک بھر کے طلبہ کے لیے 0.7 ملین کروم بکس فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام آن لائن تعلیم کے نظام کو مضبوط بنانے میں مدد دے گا اور طلبہ جدید ڈیجیٹل سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کروم بکس کی تقسیم مرحلہ وار کی جائے گی اور اس عمل میں ملک بھر میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کروم بک پروگرام پاکستان میں ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔
رانا مشہود احمد خان نے یہ بھی اعلان کیا کہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے طلبہ کو بھی کروم بک پروگرام میں شامل کیا جائے گا، تاکہ تمام خطوں کے نوجوانوں کو یکساں تعلیمی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔












منگل 30 دسمبر 2025 