وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے آئرلینڈ کی سفیر کی ملاقات ، سفارتخانے کے قیام کو تاریخی پیشرفت قرار دیا

Calender Icon جمعہ 26 ستمبر 2025

اسلام آباد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آئرلینڈ کی سفیر میری اونیل کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان پاکستان اور آئرلینڈ کے تعلقات، تجارت، موسمیاتی تعاون، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)، اور عوامی روابط کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے آئرلینڈ کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے مکمل تعاون اور سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔ دونوں فریقین نے تجارت، تعلیم، اور ماحولیاتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ آئرلینڈ اصول پسندی اور ترقی کی ایک روشن علامت ہے۔ انہوں نے اسلام آباد میں آئرلینڈ کے پہلے سفارتخانے کے قیام کو تاریخی پیشرفت قرار دیا اور کہا کہ یہ سفارتخانہ پنجاب کے لیے آئرش اداروں، کاروباری شخصیات، اور عوامی شراکت داری کے مواقع پیدا کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور آئرلینڈ امن، کثیرالجہتی تعاون، اور رول بیسڈ بین الاقوامی نظام کے حامی ہیں۔ سفارتخانے کے قیام سے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، معاشی، ثقافتی، اور تعلیمی تعاون کو نئی جہت ملے گی۔