اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں گردشی قرضے میں ریکارڈ اضافہ ہوا، تاہم موجودہ حکومت نے ایک سال میں گردشی قرضے میں ایک ہزار ارب روپے کی کمی لائی،گردشی قرضہ پاکستان کے لیے وبالِ جان بن چکا ہے۔ انہوں نے ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گردشی قرضے کے خاتمے کے لیے دن رات کوششیں کی گئی ہیں۔
اویس لغاری نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں گردشی قرضے میں ریکارڈ اضافہ ہوا، تاہم موجودہ حکومت نے ایک سال میں گردشی قرضے میں ایک ہزار ارب روپے کی کمی لائی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے بجلی کے نقصانات میں واضح کمی کی اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کر کے صارفین کو ریلیف فراہم کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ ترقی، جدت، سبز ترقی، اور علاقائی روابط کی پانچ راہداریوں پر مشتمل ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظرثانی کر کے اربوں روپے کی بچت کی گئی اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات میں کمی لائی گئی۔
اویس لغاری نے کہا کہ 1225 ارب روپے کے گردشی قرضے کا بینکوں کے ذریعے حل نکالا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیح ہیں اور شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ آئندہ 6 سالوں میں گردشی قرضے کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا، جس سے صارفین کو بجلی کی قیمتوں میں مزید ریلیف ملے گا۔
وزیر توانائی نے کہا کہ توانائی کے شعبے کی کارکردگی میں مزید بہتری لائی جائے گی تاکہ ملک کو توانائی کے بحران سے نجات دلائی جا سکے۔