پاکستان، چین، ایران، اور روس کا آزاد، متحد اور پُرامن ریاست کے طور پر افغانستان کی حمایت کا اعادہ

Calender Icon ہفتہ 27 ستمبر 2025

پاکستان، چین، ایران، اور روس کے وزرائے خارجہ کے چوتھے چار فریقی اجلاس میں فریقین نے ایک آزاد، متحد اور پُرامن ریاست کے طور پر افغانستان کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

اس حوالے سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں فریقین نے دہشت گردی، جنگ اور منشیات سے پاک افغانستان کی ضرورت پر زور دیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ افغان حکام پر افغان سرزمین پر دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کرنے پر بھی زور دیا گیا جبکہ فریقین نے افغانستان کی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر علاقائی اقدامات کی حمایت کی۔

افغانستان کے ساتھ اقتصادی روابط کو جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا اور افغانستان کے ساتھ اقتصادی، تجارتی تعاون اور علاقائی روابط کو وسعت دینے پر آمادگی کا اظہار کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق افغانستان کے لیے ہنگامی انسانی امداد جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا گیا اور افغانستان میں دہشت گردی سے متعلق سلامتی کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔

علاوہ ازیں افغان پناہ گزینوں کو وطن واپسی میں سہولت فراہم کرنے اور افغانستان میں لڑکیوں کو تعلیم، کام اور معاشی مواقع تک رسائی دینے پر بھی زور دیا گیا۔

چینی وزارت خارجہ کے مطابق یہ اجلاس گزشتہ روز روس کی دعوت پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر ہوا جس میں چاروں فریقین نے افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

چینی وزارت خارجہ کے مطابق افغان ریاست کے استحکام اور عالمی امن کے لیے اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔