بھارتی اداکار کا دوران شوٹنگ ورون دھون پر ہراساں کرنے کا الزام

Calender Icon ہفتہ 27 ستمبر 2025

بالی وُڈ اداکار ورون دھون پر ان کی نئی فلم کی پروموشن کے دوران ساتھی اداکار روہیت سراف نے ہنستے ہنستے ’ہراساں کرنے‘ کا الزام لگا دیا۔

ورون دھون اور جھانوی کپور اپنی آنے والی فلم ”سنی سنسکاری کی تُلسی کماری“ کی پروموشن میں مصروف ہیں، جو 2 اکتوبر کو بڑے پردے پر پیش کی جائے گی۔ فلم کی کاسٹ میں جھانوی کپور، روہت سراف اور سانیا ملہوترا شامل ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں پوری ٹیم نے انڈیا ٹوڈے کنکلیو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے فلم کے حوالے سے گفتگو کے ساتھ اپنی آف اسکرین دوستی اور مزاحیہ واقعات بھی شیئر کیے۔

گفتگو کے دوران روہیت سراف نے ورون پر ”بُلی کرنے“ کا الزام لگایا اور جھانوی کو ”سب سے بڑی سازشی“ قرار دیا۔ اس پر ورون نے قہقہے لگاتے ہوئے کہا:

’یہ لوگ روز میرے کمرے میں نقلی سانپ، بچھو اور چھپکلیاں رکھ دیتے تھے۔ ہر دن کوئی نیا سرپرائز میرا انتظار کرتا تھا۔‘

جھانوی کپور نے بھی کہا کہ پروموشن ٹور کے دوران انہیں اپنی ٹیم کے درمیان ”سچی محبت اور خلوص“ کا احساس ہوا۔ ان کے مطابق: ’میں اتنی زیادہ ریلیکس ہو جاتی ہوں کہ اسٹیج پر بعض اوقات بے تکی باتیں بھی کر دیتی ہوں، اور یہی چیز پروموشن کو میرے لیے مشکل بنا دیتی ہے۔‘

انہوں نے روہیت سراف کو باصلاحیت نوجوان کہا، جبکہ ورون دھون کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ سب کے ساتھ ایک جیسا سلوک کرتے ہیں، جو بالی وُڈ میں بہت کم دیکھنے کو ملتا ہے۔

ہدایت کار ششانک کھیتان کی یہ فلم دہلی کی کہانی پر مبنی ہے، جس میں پرانے عاشق دوبارہ ایک دوسرے کو پانے کی کوشش کرتے ہیں اور مزاحیہ غلط فہمیوں کا سلسلہ چل نکلتا ہے۔ جیسے جیسے حالات پیچیدہ ہوتے ہیں، ایک نیا رومان بھی جنم لیتا ہے۔

”سنی سنسکاری کی تُلسی کماری“ 2 اکتوبر کو ریلیز ہوگی اور اسی دن رِشاب شیٹھی کی فلم ”کانتارا: چیپٹر1“ بھی بھارتی سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی، جس سے دونوں فلموں کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔