ایشیا کپ فائنل میں پاک بھارت کپتانوں کا ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ منسوخ ہونے کا امکان

Calender Icon ہفتہ 27 ستمبر 2025

ایشیا کپ 2025 میں پہلی بار پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان فائنل میچ کھیلا جائے گا جس کا کرکٹ شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل کل دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

جہاں پورا ایشیا کپ ٹورنامنٹ خاص طور پر پاکستان اور انڈیا کے میچز تنازعات سے بھرپور رہے، وہیں اب ایک اور تنازع سامنے آیا ہے کہ فائنل سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان تناؤ کے باعث کپتان ٹرافی کے ہمراہ روایتی فوٹو شوٹ نہیں کرائیں گے۔

نجی ٹی چینل جیو نیوز کے مطابق منتظمین نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ آج یعنی ہفتے کو ایسا کچھ نہیں ہورہا تاہم اتوار کو فائنل سے قبل اس سے متعلق حتمی فیصلہ ہوگا۔

اس سے قبل پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے کپتانوں نے ٹاس اور میچ کے اختتام پر ہاتھ ملانے سے گریز کیا تھا وہیں اب ممکن ہے دونوں کپتان فائنل سے قبل ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ نہیں کرائیں گے۔

خیال رہے پاکستانی ٹیم اپنے تیسرے اور بھارتی ٹیم نویں ٹائٹل کے لیے کل میدان میں اترے گی۔ بھارت نے گروپ اور سپر فور مرحلے میں پاکستان کو شکست دی تھی۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا آج رات 7 بجے پاکستانی وقت کے مطابق پریس کانفرنس کریں گے۔