بالی ووڈ کے معروف نغمہ نگار سمیر انجام نے ایک پوڈکاسٹ میں اس وقت کے جذباتی واقعات کا پردہ فاش کیا ہے جب سپر اسٹار سلمان خان اداکارہ ایشوریا رائے سے اپنی علیحدگی کے صدمے سے گزر رہے تھے۔
سمیر انجام نے بتایا کہ فلم ’تیرے نام‘ کی شوٹنگ کے دوران سلمان خان اکثر گانے سنتے ہوئے رو پڑتے تھے۔
یہ واقعہ 2003 کا ہے، جب سلمان خان نے ستیش کوشک کی فلم ’تیرے نام‘ میں ایک دل شکستہ عاشق کا کردار ادا کیا۔ سمیر انجام کے مطابق سلمان خان کا اپنا ٹوٹا ہوا دل ان کی اداکاری کےلیے حقیقی جذبات مہیا کر رہا تھا۔ وہ ہر شاٹ لینے سے پہلے مخصوص گانے سن کر اپنے جذبات تازہ کیا کرتے تھے۔
سمیر انجام نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ فلم کا ٹائٹل گانا تو خاص طور پر سلمان خان کے لیے نہیں لکھا گیا تھا، لیکن یہ گانا ان کی اصل زندگی کی کہانی کی پرچھائیں ضرور بن گیا۔ شوٹنگ سے پہلے سلمان خان گلوکار ہمیش ریشمیا سے درخواست کرتے کہ وہ یہ گانا سنا دیں، جس کے بعد جذبات میں بہہ کر رو پڑتے اور پھر اپنا منظر فلم بند کرواتے۔
نغمہ نگار نے بتایا کہ سلمان خان خاص طور پر گانے کے اس بول ’کیوں کسی کو وفا کے بدلے وفا نہیں ملتی‘ پر بہت متاثر ہوتے تھے۔ اس وقت ان کا زخم تازہ تھا اور وہ جذباتی تکلیف کے دور سے گزر رہے تھے، جس کا اظہار ان کے آنسوؤں کے ذریعے ہوتا تھا۔
یاد رہے کہ سلمان خان اور ایشوریا رائے کا رومانوی تعلق 1999 میں فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ کے سیٹ پر شروع ہوا تھا اور یہ بالی ووڈ کے سب سے مشہور محبت کے واقعات میں شمار ہوتا ہے۔ دونوں کا رشتہ 2002 میں ختم ہو گیا، جس کے بعد ایشوریا رائے نے 2007 میں ابھیشیک بچن سے شادی کرلی، جبکہ سلمان خان نے اب تک شادی نہیں کی۔
سمیر انجام کا کیریئر تین دہائیوں پر محیط ہے جنہوں نے چار ہزار سے زائد گانے لکھے ہیں، بالی ووڈ کی فلمی موسیقی کی تاریخ کا ایک اہم نام ہیں۔ ان کے لکھے ہوئے گانے آج بھی مقبولیت کے ساتھ سنے جاتے ہیں۔