9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس: عمران خان کی ٹرائل روکنے کی درخواست خارج

Calender Icon ہفتہ 27 ستمبر 2025

انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ٹرائل روکنے سے متعلق دائر درخواست خارج کردی۔

عدالت نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت 30 ستمبر تک ملتوی کردی۔

آج عدالت نے 8 گواہان کو دوبارہ طلب کرنے سے متعلق دائر درخواست پر پراسیکیوشن کو نوٹس جاری کردیے جبکہ سماعت کے دوران استغاثہ کے 3 گواہان کی بیانات ریکارڈ کرلیے گئے ہیں۔

گواہوں میں ڈی ایس پی اکبر عباس، انسپکٹر عصمت کمال اور انسپکٹر تہذیب الحسن شامل ہیں۔

واضح رہے کہ 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے دوران عمران خان کی لیگل ٹیم کی جانب سے انسداد دہشت گردی عدالت میں ٹرائل روکنے کی درخواست دائر کی گئی تھی۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ ویڈیو لنک ٹرائل پر لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کا فیصلہ آنے تک ٹرائل روکا جائے۔