لاہور: پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی فائنل سے قبل ٹیم کی تیاریوں پر بات کی۔ انہوں نے بھارت کے خلاف میچ کے حوالے سے اعتماد کا اظہار کیا ۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ فائنل میچ کا پریشر دونوں ٹیموں پر یکساں ہوگا۔ انہوں نے بھارتی میڈیا کے تبصروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ “بھارتی میڈیا جو کہتا ہے، کہتا رہے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔”
کپتان سلمان علی آغا نے تسلیم کیا کہ ایشیا کپ میں ان کی ذاتی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی۔ تاہم انہوں نے کہا کہ سٹرائیک ریٹ کو ہمیشہ میچ کی صورتحال کے مطابق دیکھنا پڑتا ہے۔
سلمان آغا نے کہا کہ پاکستانی ٹیم بھارت کے خلاف شاندار کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ میچوں کی غلطیاں نہیں دہرائی جائیں گی اور ٹیم ایشیا کپ جیتنے کے لیے میدان میں اترے گی۔
سلمان علی آغا نے اختتام پر کہا کہ پوری ٹیم متحد ہے اور فائنل میں بھرپور مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔