خیبر پختونخوا حکومت کے دو وزرا اپنے عہدوں سے مستعفی ہوگئے، دونوں وزرا پر علی امین گنڈا پور کے خلاف سازش کا الزام تھا۔
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے خیبر پختونخوا کابینہ کے دو وزیر عاقب اللہ خان اور فیصل ترکئی نےاپنی وزارتوں سے استعفیٰ دے دیا۔
ان دو وزرا کی گزشتہ روز وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے شکایت کی تھی، دونوں وزرا پر علی امین گنڈا پور کے خلاف سازش کا الزام تھا۔
عاقب اللہ خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی تھے جبکہ فیصل ترکئی کے پاس ابتدائی وثانوی تعلیم کی وزارت تھی۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ملاقات کرا دی گئی تھی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اڈیالہ جیل پہنچے تھے جہاں ان کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کرائی گئی، ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں کروائی گئی۔
علی امین گنڈاپور نے 2 گھنٹے سے زائد وقت تک عمران خان سے ملاقات کی، بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد علی امین گنڈاپور اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئے تھے۔
اسی ملاقات میں علی امین گنڈاپور نے مذکورہ دونوں وزرا کی عمران خان سے شکایت کی تھی۔
گنڈاپور کیخلاف سازش کا الزام، پی ٹی آئی کے دو وزرا مستعفی

