وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کی میڈیا میں بانی پی ٹی آئی کی ڈیل کے حوالے سے خبروں کی سختی سے تردید

Calender Icon جمعرات 19 فروری 2026

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے میڈیا میں بانی پی ٹی آئی سے مبینہ ڈیل سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی سختی سے تردید کر دی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے واضح کیا ہے کہ عمران خان کے حوالے سے نہ کوئی ڈیل ہے اور نہ ہی کسی قسم کی ڈھیل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کسی بھی قسم کی رعایت کا تاثر دینا بالکل غلط اور حقائق کے منافی ہے۔

عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ عمران خان عدالتوں سے سزا یافتہ مجرم ہیں اور انہیں قانون کے مطابق سزا کا سامنا ہے۔ رعایت یا کسی خصوصی سہولت سے متعلق خبریں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں جن میں کوئی حقیقت نہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایسی افواہیں عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہیں اور حکومت قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے میڈیا سے ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ غیر مصدقہ اور جھوٹی خبروں کو پھیلانے سے گریز کیا جائے۔