پاک افغان کشیدگی میں کمی کیلئے شٹل ڈپلومیسی جاری رکھیں گے، چین

Calender Icon پیر 16 مارچ 2026

پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کم کرانے کیلئے ثالثی کی کوششوں پر چین نے بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے چینی وزیر خارجہ نے پاک افغان وزرائے خارجہ سے ٹیلیفون پر بات کی۔

بیجنگ سے چینی ترجمان کے مطابق چین کے خصوصی ایلچی برائے افغان امور افغانستان اور پاکستان کے درمیان شٹل ڈپلومیسی میں مصروف ہیں۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ کے مطابق چین کے سفارتخانے بھی دونوں ممالک کیساتھ قریبی رابطے میں ہیں، چین نے افغانستان اور پاکستان سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور کشیدگی کم کرنے کی اپیل کی ہے۔

پاک افغان کشیدگی، چین متحرک، تنازع طاقت نہیں مذاکرات اور مکالمے سے طے کریں، چینی وزیر خارجہ وانگ ای

چینی وزارت خارجہ کے مطابق چین نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ جلد از جلد آمنے سامنے مذاکرات شروع کریں۔ چین نے فوری جنگ بندی اور اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی امید ظاہرکی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ افغانستان اورپاکستان کے درمیان مفاہمت کو فروغ دینے اور کشیدگی کم کرنے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔