لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں ایک موبائل مکینک نے نرس کو اغوا کر کے زیادتی کا نشانہ بنایا، تاہم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم عثمان نے چونگی اسٹاپ سے خاتون کو زبردستی اغوا کیا اور شامی پارک کے ایک فلیٹ میں لے جا کر تشدد اور زیادتی کا نشانہ بناتا رہا۔ ملزم نے متاثرہ خاتون کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں تاکہ وہ مزاحمت نہ کر سکے۔
تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم نے دو ہفتے قبل موبائل مرمت کے بہانے نرس کی ریکی کی تھی اور اسی منصوبہ بندی کے تحت واردات کی۔
کوٹ لکھپت پولیس نے درخواست ملتے ہی فوری ایکشن لیا اور شامی پارک میں چھاپہ مار کر ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن جہانداد اکرم کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے کیس کو مزید تفتیش کے لیے جینڈر سیل کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے ساتھ زیادتی کرنے والوں کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی اور متاثرہ خاتون کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔












جمعرات 26 مارچ 2026 