خلیجی ممالک الرٹ: طوفان، تیز بارشیں اور آندھی کی پیش گوئی

Calender Icon جمعرات 26 مارچ 2026

خلیجی خطے میں ایک طاقتور طوفان کی آمد نے تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، جہاں ماہرین نے آنے والے دنوں میں شدید موسمی حالات سے خبردار کیا ہے۔
ریاض سے جاری رپورٹس کے مطابق سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک میں تیز بارش، گرد آلود ہوائیں اور آندھی متوقع ہیں، جبکہ ہوا کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہفتے کے اختتام تک کئی علاقے شدید بارشوں کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔
حکام کے مطابق خراب موسم کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ ساحلی علاقوں میں سمندری لہریں خطرناک حد تک بلند ہو سکتی ہیں۔ بعض مقامات پر لہروں کی اونچائی 2.5 میٹر سے تجاوز کرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں بھی طوفانی بارشوں کے پیش نظر شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ اطلاعات ہیں کہ کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو سکتا ہے، جس کے باعث لوگ احتیاطی تدابیر اختیار کر رہے ہیں، جیسے ریت کی بوریاں خریدنا اور گھروں کو پلاسٹک شیٹس سے محفوظ بنانا۔
اماراتی محکمہ اوقاف نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید بارش کے دوران گھروں میں ہی نماز ادا کریں، جبکہ مساجد کے آئمہ کرام کو بھی اعلان کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ لوگ غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں۔
مزید برآں، جہاں مساجد میں نماز ادا کی جائے وہاں موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ظہر اور عصر، جبکہ مغرب اور عشاء کی نمازیں جمع کر کے ادا کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے تاکہ شہریوں کو مشکلات سے بچایا جا سکے۔