وفاقی دارالحکومت میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چینی سفیر جیانگ زیڈونگ کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں سی پیک 2 کے تحت تعاون کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے ‘ٹو سیشنز’ کے کامیاب انعقاد پر چینی قیادت کو مبارکباد پیش کی اور چینی صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی کیانگ اور وزیر خارجہ وانگ یی کی جانب سے یوم پاکستان کی مبارکباد کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے زراعت، صنعتی ترقی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے ذریعے سی پیک 2 کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ چینی سفیر نے پاکستان کی اقتصادی اصلاحات اور استحکام کی کوششوں کو سراہا اور تجارت و سرمایہ کاری میں تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے درمیان جاری ملاقاتوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور 75 ویں سالگرہ کے موقع پر رابطوں کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کرتے ہوئے کشیدگی کم کرنے اور استحکام قائم رکھنے میں پاکستان کے تعمیری کردار کو اجاگر کیا اور پاک چین پائیدار اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کے عزم کو دوہرایا۔












جمعرات 26 مارچ 2026 