وزیراعظم اور صدر کی اہم ملاقات، علاقائی صورتحال پر مشاورت

Calender Icon جمعرات 26 مارچ 2026

اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں ملک اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ایوانِ صدر میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران خاص طور پر مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور اس حوالے سے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے صدر مملکت کو موجودہ حالات میں پاکستان کے کردار اور جاری سفارتی رابطوں سے آگاہ کیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملکی سکیورٹی، معاشی صورتحال اور توانائی کے شعبے کو درپیش چیلنجز پر بھی سنجیدہ تبادلہ خیال ہوا، جبکہ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ موجودہ حالات میں مربوط حکمت عملی اپنانا نہایت ضروری ہے۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے مثبت اور متحرک کردار کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ہمیشہ کی طرح علاقائی اور عالمی سطح پر کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔