اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی اداروں میں بھرتیوں پر پابندی ختم کر دی

Calender Icon جمعہ 27 مارچ 2026

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس سمیت وفاقی اداروں میں بھرتیوں پر عائد پابندی کا حکم امتناع واپس لے لیا ہے اور اس کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس انعام امین منہاس پر مشتمل لارجر بنچ نے یکم اگست 2024 کو جاری کردہ حکم امتناع کو منسوخ کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد پولیس کو موجودہ پالیسی کے مطابق بھرتیوں کا نیا عمل شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔
حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھایا، جبکہ درخواست گزار بیرسٹر یاور گردیزی نے دلائل کے لیے مہلت طلب کی۔ ایڈووکیٹ جنرل کے مطابق پولیس میں بھرتیوں کے عمل کے رکنے سے سیکیورٹی خدشات پیدا ہوئے ہیں۔
عدالت کے حکم نامے کے مطابق کیس کی وجہ سے زائد العمر امیدواروں کو بھی نئی بھرتیوں میں حصہ لینے کا موقع دیا جائے گا، تاہم تمام بھرتیاں کیس کے حتمی فیصلے سے مشروط ہوں گی۔