کراچی کی مقامی عدالت نے خاتون کو اغواء کرکے زیادتی کا نشانہ بنانے اور قتل کرنے کے کیس میں ملزم کو عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی ارشاد حسین نے ڈیفنس کے علاقے سے خاتون کے اغواء اور قتل کے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزم فیاض کو عمر قید کی سزا سناتے ہوئے دو لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا اور ہدایت کی کہ جرمانے کی رقم مقتولہ کے ورثاء کو ادا کی جائے۔
عدالت نے عدم شواہد کی بنیاد پر شریک ملزمہ نسرین کو کیس سے بری کر دیا اور کہا کہ ملزمہ نسرین کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد نہیں ملے، محض شریک ملزم کے بیان پر سزا نہیں دی جا سکتی۔
پراسیکیوشن کے مطابق ملزم فیاض نے نومبر 2020 میں ڈیفنس فیز 7 سے انصار بی بی کو بہلا پھسلا کر اغواء کیا، بعد ازاں مقتولہ کو زیادتی کے بعد چھری کے وار سے قتل کر دیا۔ مقتولہ کی لاش ایک ماہ بعد ملزم کی نشاندہی پر برآمد ہوئی۔
واضح رہے کہ ملزم کے خلاف گذری تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔












جمعہ 27 مارچ 2026 