وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا شیخ زید ہسپتال کا دورہ، ہسپتال کی بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت

Calender Icon پیر 6 اکتوبر 2025

لاہور: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے شیخ زید ہسپتال لاہور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ وفاقی سیکرٹری صحت حامد یعقوب بھی موجود تھے۔ ہسپتال کی انتظامیہ نے وزیر صحت کو ہسپتال کی موجودہ صورتحال اور درپیش چیلنجز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

ہسپتال انتظامیہ نے وفاقی وزیر صحت کو مختلف مسائل سے آگاہ کیا، جن میں طبی سہولیات کی کمی، عملے کی قلت اور دیگر چیلنجز شامل تھے۔ اجلاس میں پنجاب ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے ہسپتال کی بہتری کے لیے ایک جامع روڈ میپ اور سفارشات جلد از جلد مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام تر ممکنہ اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں بہتری ہماری اولین ترجیح ہے۔

مصطفیٰ کمال نے ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ سمیت دیگر وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال کے پیرامیڈیکل سٹاف اور ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ مریضوں کے ساتھ شائستگی سے پیش آئیں۔ انہوں نے کہا، “جب ڈاکٹر مریض سے شائستگی سے پیش آتا ہے تو مریض آدھا ٹھیک ہو جاتا ہے۔”

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ خدا کی پیاری مخلوق جب ہسپتال آتی ہے تو وہ تکلیف میں ہوتی ہے۔ دکھی انسانیت کی تکلیف کو کم کرنا رب کو راضی کرنے کا باعث بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بیماریوں سے بچانے کے لیے ایک مربوط اور مؤثر حکمتِ عملی اپنائی جا رہی ہے۔