لندن (نیوز ڈیسک)عالمی ذرائع ابلاغ نے حالیہ ایران-امریکہ کشیدگی کے خاتمے میں پاکستان کی مؤثر حکمت عملی اور کامیاب سفارتکاری کا اعتراف کرتے ہوئے اسے خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک اہم کردار قرار دیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان نے شاندار ملٹری ڈپلومیسی اور فعال سفارتی کوششوں کے ذریعے ایک ممکنہ بڑی جنگ کو ٹالنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ عالمی سطح پر پاکستان کو ایک “نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر” کے طور پر سراہا جا رہا ہے جو تنازعات کو کم کرنے اور استحکام کو فروغ دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق حالیہ کشیدگی کے خاتمے میں پاکستان نے مؤثر کردار ادا کیا، جس کے بعد امریکی قیادت نے عسکری کارروائیاں روکنے کا فیصلہ کیا۔ اسی طرح عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان ایک مضبوط اور بااعتماد ثالث کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور سید عاصم منیر سے بات چیت کے بعد لڑائی روکنے کا عندیہ دیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق پاکستان کئی ہفتوں سے خطے میں امن کے قیام کے لیے سرگرم عمل تھا اور مسلسل سفارتی کاوشوں کے بعد کامیابی حاصل کی۔ جبکہ گلف نیوز نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ ایران اور امریکا کے ساتھ دیرینہ تعلقات کے باعث پاکستان خود کو ایک قابلِ اعتماد ضامن کے طور پر منوانے میں کامیاب رہا۔
ترک نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی ورلڈ نے پاکستان کے کردار کو تاریخی اور نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے خطے کو تباہ کن صورتحال سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ مزید برآں بھارتی اخبار دی ہندو نے بھی جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستانی قیادت کی انتھک اور مخلصانہ کوششوں کو اجاگر کیا۔
ماہرین کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور سید عاصم منیر کی مدبرانہ حکمت عملی اور مسلسل سفارتی رابطوں نے خطے کو ایک بڑی تباہی سے بچا لیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران-امریکہ کشیدگی میں پاکستان کی ثالثی عالمی سطح پر اس کے بڑھتے ہوئے کردار، اہمیت اور اعتماد کی عکاس ہے۔












بدھ 8 اپریل 2026 