کینڈین وزیر اعظم کا شہباز شریف کو ٹیلیفون، سفارتی کامیابی کا اعتراف ،مبارکباد دی

Calender Icon منگل 14 اپریل 2026

پاکستان کی حالیہ کامیاب سفارت کاری اور خطے میں امن(peace) کے قیام کے لیے کی جانے والی کوششوں کو عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی ملنے لگی ہے۔

کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے آج شام وزیراعظم محمد شہباز شریف کو ٹیلی فون کیا اور امریکہ و ایران کے درمیان کامیاب مذاکرات کی میزبانی کرنے پر انہیں خصوصی مبارکباد پیش کی۔ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کینیڈین وزیراعظم نے پاکستان کے کلیدی کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی امن کوششوں کی بدولت ہی عارضی جنگ بندی ممکن ہوئی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کینیڈا کی جانب سے پاکستان کی توثیق اور حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے واضح کیا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات امن کی سمت ایک بڑا قدم ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان جنگ بندی کو برقرار رکھنے اور کشیدگی میں کمی کے لیے دونوں فریقین کے ساتھ اپنا متحرک کردار ادا کرتا رہے گا۔

اقتصادی و تجارتی تعاون:دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو صرف سفارت کاری تک محدود نہ رہی بلکہ پاک کینیڈا دوطرفہ تعلقات کو مزید بلندیوں پر لے جانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔ شہباز شریف اور مارک کارنی نے زراعت، قابل تجدید توانائی (Renewable Energy)، کان کنی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

مزید پڑھیں:مکڈونلڈز کی ڈیلیوری سے شروع، حضرت عیسیٰؑ کی تصویر تک ٹرمپ کی حیران کن پریس کانفرنس

کینیڈین وزیراعظم نے پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور دونوں رہنماؤں نے اس مقصد کے لیے مل کر کام کرنے کی خواہش ظاہر کی۔دورہ پاکستان کی دعوت:وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر اپنے کینیڈین ہم منصب کو ان کی سہولت کے مطابق پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی، جسے خوش آئند قرار دیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں قریبی رابطے برقرار رکھنے اور عالمی و علاقائی مسائل پر مل کر کام کرنے کے عزم کے ساتھ اپنی گفتگو کا اختتام کیا۔