پی ٹی آئی کا اچکزئی، علامہ ناصر سے اختیارات واپس لینے، اجتماعی استعفوں کا منصوبہ

Calender Icon بدھ 15 اپریل 2026

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ قیادت نے اپوزیشن کی حکمت عملی پر تنقید کرتے ہوئے قومی اسبملی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف علامہ راجا ناصر عباس (allama nasir)سے اختیارات واپس لینے کا پلان تیار کرلیا ہے اور ایوان سے استعفے دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔

میڈیا کو ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی قیادت اسمبلی سے استعفے دینے پر غور کررہی ہے اور اس سلسلے میں پی ٹی آئی کی قیادت نے محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس سے اختیارات واپس لینے کا بھی پلان تیار کر لیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں اپوزیشن اتحاد سے علیحدگی کے لیے ٹیم تیار کر لی گئی ہے اور رکن قومی اسمبلی شاہد خٹک نے ایک اجلاس میں اپوزیشن اتحاد کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اب یہ بہانے نہیں چلیں گے اور ہمیں ذمہ داری لینی ہو گی۔

ذرائع کے مطابق شاہد خٹک نے کہا کہ ہم چار افراد نے اختیار اپنے پاس رکھنا ہے اور فیصلے کی قوت محمود خان اچکزئی سے واپس لینی ہے، چار افراد میں سہیل آفریدی، مینا خان آفریدی ، شاہد خٹک اور شفیع جان شامل ہیں۔

مزید پڑھیں:اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا طوفان؛ انڈیکس 1 لاکھ 70 ہزار کی تاریخی سطح عبور کر گیا

پی ٹی آئی ذرائع نے بتایا کہ شاہد خٹک کا کہنا تھا ہم نے دو طرح کے پلان بنائے ہیں، ایک استعفے اور مزاحمت ہو گی اور دوسرا فیصلوں کا اختیار اپنے پاس رکھیں گے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس سے فیصلوں کا اختیار واپس لینے کے لیے پی ٹی آئی سوشل میڈیا عہدیداروں نے شاہد خٹک سے اعتماد کا اظہار کیا اور پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ہیڈ جبران الیاس نے شاہد خٹک کو مشورہ دیا کہ آپ فیصلوں کا اختیار اور اسمبلیوں سے استعفے کا اعلان کریں گے تو ساتھ دیں گے۔