پاکستان کو سعودی عرب سے 2 ارب ڈالرز موصول

Calender Icon جمعرات 16 اپریل 2026

کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان (SBP) نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو 2 ارب ڈالرز کی مالی معاونت موصول ہو گئی ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق یہ رقم سعودی عرب کی جانب سے دیے گئے مالی تعاون کے تحت پاکستان کو فراہم کی گئی ہے، جو ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔

اس سے قبل وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا تھا کہ سعودی حکومت کی جانب سے مجموعی طور پر 3 ارب ڈالرز کی سپورٹ جلد فراہم کیے جانے کی توقع ہے۔

مزید پڑھیں:آئی ایم ایف کا پاکستان کی معاشی اصلاحات پر اطمینان کا اظہار، پیشرفت کو سراہا

وزیرِ خزانہ کے مطابق سعودی عرب کے ساتھ موجودہ مالی تعاون کے تحت 5 ارب ڈالرز کے ڈپازٹس کی میعاد میں بھی توسیع پر اتفاق ہوا ہے، جس کے بعد یہ سہولت سالانہ رول اوور کے بجائے 2028ء تک مؤخر کر دی جائے گی۔

معاشی ماہرین کے مطابق سعودی عرب کی یہ معاونت پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر اور مالی استحکام کے لیے اہم پیش رفت تصور کی جا رہی ہے۔