بشریٰ بی بی کی آنکھ کا آپریشن، علاج کے بعد اڈیالہ جیل منتقل

Calender Icon جمعہ 17 اپریل 2026

سابق خاتون اول بشری ٰ بی بی (Bushra Bibi )کی آنکھ کا آپریشن راولپنڈی کے ایک نجی اسپتال میں کامیابی سے مکمل کر لیا گیا، جس کے بعد انہیں دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔

جیل ذرائع کے مطابق، بشریٰ بی بی نے دائیں آنکھ کی بینائی متاثر ہونے کی شکایت کی تھی، جس پر فوری طور پر ماہرین چشم سے معائنہ کرایا گیا۔ طبی جانچ کے دوران ان کی آنکھ میں Retinal Detachment کی تشخیص ہوئی، جس کے بعد ڈاکٹروں نے فوری سرجری کی تجویز دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 16 اپریل کی شام انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ضروری ٹیسٹ مکمل کیے گئے اور مریضہ کی رضامندی کے بعد سرجری کی گئی۔ آپریشن پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی اور ان کی ٹیم نے انجام دیا۔ کامیاب سرجری کے بعد ایک رات اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد انہیں اطمینان بخش حالت میں ڈسچارج کر دیا گیا۔

مزید پڑھیں:اڈیالہ جیل میں بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ، آنکھ میں تکلیف کی شکایت

جیل حکام کے مطابق، بعد از آپریشن معائنہ اور فالو اپ ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق جاری رکھا جائے گا۔

دوسری جانب بیرسٹر گوہر( Barrister Gohar Ali Khan)نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ انہیں بشریٰ بی بی کی اسپتال منتقلی کی اطلاع موصول ہوئی ہے اور وہ علاج سے متعلق مزید تفصیلات کے منتظر ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بشریٰ بی بی اورعمران خان (Imran Khan) کی فیملی سے ملاقات کروائی جائے اور علاج تک رسائی کو یقینی بنایا جائے۔

ادھر خیبر پختونخوا حکومت کے معاون خصوصی شفیع جان (Shafiullah Jan) نے بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر حکومتی رویہ افسوسناک ہے اور مریضہ کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں۔