ایران امریکہ مذاکرات میں پاکستان کی سہولت کاری جاری رکھنے کا عزم

Calender Icon ہفتہ 25 اپریل 2026

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ Ishaq Dar کی زیر صدارت خطے کی تازہ ترین صورتحال پر ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں علاقائی امن و استحکام اور جاری سفارتی پیش رفت پر تفصیلی غور کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں نائب وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے کے وسیع تر مفاد میں ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے لیے اپنی سہولت کاری کی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن کے قیام اور کشیدگی میں کمی کے لیے مثبت کردار ادا کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی یہ کوششیں جاری رہیں گی۔

اجلاس کے دوران واضح کیا گیا کہ ایران–امریکہ مذاکرات کے حوالے سے پاکستان کی پالیسی صرف سرکاری سطح پر جاری کردہ بیانات کے ذریعے ہی سمجھی جائے۔ ترجمان کے مطابق بے نام ذرائع یا غیر مصدقہ اطلاعات پر مبنی خبریں پاکستان کے مؤقف کی عکاسی نہیں کرتیں۔

نائب وزیراعظم نے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کو ہدایت کی کہ قیاس آرائیوں پر مبنی رپورٹنگ سے گریز کیا جائے اور صرف مستند سرکاری بیانات کو ہی بنیاد بنایا جائے تاکہ غلط فہمیوں سے بچا جا سکے۔

اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور سفارتی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ دارانہ کاوشیں جاری رکھے گا۔