عالمی حالات ، مائع قدرتی گیس کی عدم دستیابی کی وجہ سے 5000 میگاواٹ کے بجلی گھروں سے پیداوار نہیں ہو رہی،ترجمان پاورڈویژن

Calender Icon بدھ 29 اپریل 2026

پاورڈویژن (Power Division Pakistan )کے ترجمان نے 28 اپریل کی رات پیک اوقات میں بجلی کی صورتحال کے حوالے سے کہاکہ گزشتہ رات پیک اوقات میں پن بجلی کی پیداوار 6000 میگاواٹ رہی، جبکہ ملک میں پن بجلی کی مجموعی استعداد 11500 میگاواٹ ہے۔

ترجمان کے مطابق کچھ بجلی گھروں کو مقامی گیس کی فراہمی سے پیداوار میں مزید بہتری آئی، جبکہ پن بجلی اور اضافی مقامی گیس کی دستیابی سے بجلی کی مجموعی پیداوار میں اضافہ ہوا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ملک کے جنوبی حصے سے قومی گرڈ میں استحکام آنے کے باعث مزید 100 میگاواٹ بجلی شامل کرنے میں آسانی ہوئی، جبکہ مجموعی طور پر جنوب سے 500 میگاواٹ بجلی کی ترسیل ممکن بنائی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے رات کے پیک اوقات میں 25 منٹ سے ایک گھنٹے تک بوجھ کے نظم و نسق کے تحت بجلی کی بندش کی، تاہم رات آٹھ بجے کے بعد موسمی حالات کے باعث طلب میں کمی آنے پر کوئی بندش نہیں کی گئی۔

مزیدپڑھیں:پی ایس ایل11: اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست، پشاور زلمی فائنل میں پہنچ گئی

ترجمان کے مطابق ملک میں زیادہ نقصانات والے فیڈرز پر معاشی بوجھ کے نظم و نسق کی پالیسی کے تحت بجلی کی بندش کی جا رہی ہے، جس کا پیک اوقات کی بندش سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی حالات کے باعث مائع قدرتی گیس کی عدم دستیابی کی وجہ سے 5000 میگاواٹ کے بجلی گھروں سے پیداوار نہیں ہو رہی، تاہم گیس کی دستیابی اور پانی کے اخراج میں اضافے سے رات کے اوقات میں بجلی کی کمی کا مسئلہ ختم ہو جائے گا۔