صدر مملکت آصف علی زرداری(Asif Ali Zardari) نے ملک بھر کے محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزدوروں کی قربانیاں ہی منصفانہ اجرت، مناسب اوقات کار اور باوقار حالات کار جیسے تصورات کی بنیاد ہیں۔
، شکاگو کے مزدوروں نے تاریخی جدوجہد (تقریباً 140 برس قبل )میں اپنے حقوق کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ’’آٹھ گھنٹے کام، آٹھ گھنٹے آرام اور آٹھ گھنٹے اپنی مرضی کے لیے‘‘ کا مطالبہ پیش کیا جو انسانی وقار کے اعتراف کی علامت تھا، پاکستان کا آئین استحصال کے خاتمے اور مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، آئین کے معمار سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو مزدوروں کے حقوق کی اہمیت سے بخوبی آگاہ تھے۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق یکم مئی کو منائے جانے والے عالمی یوم مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کے محنت کش ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں جو شہر تعمیر کرتے، زمینیں کاشت کرتے اور صنعتوں کو اپنی محنت سے چلائے رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مزدور محض معیشت کا حصہ نہیں بلکہ اس کی بنیاد ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان بین الاقوامی معیار کے مطابق مزدوروں کے حقوق کے فروغ کے لیے پرعزم ہے جن میں منصفانہ اجرت، سماجی تحفظ، جبری مشقت اور چائلڈ لیبر کا خاتمہ اور امتیازی سلوک سے پاک ماحول شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بین الاقوامی لیبر آرگنائزیشن کے کنونشنز اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے بھی کوشاں ہے۔انہوں نے بیرون ملک کام کرنے والے پاکستانیوں کو اہم ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی ترسیلات زر ملکی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محفوظ کام کے حالات، منصفانہ اجرت اور مساوی مواقع کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے مزید اقدامات کیے جائیں گے تاکہ ہر مزدور باوقار زندگی گزار سکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہنرمندی کے فروغ، تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیم، خواتین کی شمولیت اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے مزدوروں، آجروں، ٹریڈ یونینز، صوبائی حکومتوں اور بین الاقوامی شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ ایک منصفانہ اور مستحکم معیشت کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں کریں جہاں محنت کا احترام ہو اور استحصال کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا جو قوم اپنے مزدوروں کا تحفظ کرتی ہے وہ اپنے مستقبل کو محفوظ بناتی ہے، مزدوروں کو بااختیار بنانا پائیدار قومی ترقی کی بنیاد ہے












جمعہ 1 مئی 2026 