فلسطین فٹبال فیڈریشن (Palestinian Football Federation)کے صدر جبریل رُجوب(Jibril Rajoub) نے فیفا کانگریس میں اسرائیل فٹبال فیڈریشن کے نائب صدر سے مصافحہ کرنے اور ان کے ساتھ کھڑے ہونے سے انکار کردیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطین فٹ بال فیڈریشن کے سربراہ نے اسرائیل فٹ بال فیڈریشن کے نائب صدر کو فیفا کانگریس کے دوران سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ کینیڈا میں منعقدہ فیفا اجلاس میں فلسطین اور اسرائیل کے نمائندوں کو ایک دوسرے کے قریب کھڑا کیا گیا تھا۔
فلسطینی فٹبال فیڈریشن کے صدر جِبرِیل رُجوب نے اسرائیلی فٹبال ایسوسی ایشن کے نائب صدر باسم شیخ سلیمان کے ساتھ کھڑے ہونے سے انکار کر دیا۔
🔴 فیفا کانگریس میں فلسطین فٹبال فیڈریشن کے صدر جِبرِیل رُجوب نے اسرائیل فٹبال فیڈریشن کے نائب صدر سے مصافحہ کرنے سے انکار کر دیا۔ pic.twitter.com/9NT1bXpJCd
— RTEUrdu (@RTEUrdu) April 30, 2026
جمعرات کو منعقدہ فیفا کی 76ویں کانگریس کے دوران فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے دونوں شخصیات کو اسٹیج پر بلایا، تاہم جِبرِیل رُجوب نے باسم شیخ سلیمان کے قریب آنے سے انکار کر دیا۔
جیانی انفانٹینو نے جِبرِیل رُجوب کے بازو پر ہاتھ رکھتے ہوئے انہیں اشارے سے قریب آنے کی دعوت دی، مگر یہ کوشش ناکام رہی۔
مزیدپڑھیں:بھارت: جِم میں سالگرہ کے کیک کے تنازع پر 3 افراد قتل: ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک
اس موقع پرجِبرِیل رُجوب کے انکار سے متعلق پوچھے جانے پر فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن کی نائب صدر سوزن شلبی نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ ہم ایسے شخص سے ہاتھ نہیں ملا سکتے جسے اسرائیلی اپنی فاشزم اور نسل کشی کو سفید کرنے کے لیے لائے ہیں! ہم تکلیف میں ہیں۔
بعد ازاں جیانی انفانٹینو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم مل کر کام کریں گے، صدر جِبرِیل رُجوب، نائب صدر باسم شیخ سلیمان آئیے بچوں کو امید دینے کے لیے اکٹھے کام کریں۔ یہ پیچیدہ معاملات ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن نے مقبوضہ مغربی کنارے کی غیر قانونی بستیوں میں قائم اسرائیلی کلبوں پر پابندی نہ لگانے کے فیفا کے فیصلے کو کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت (سی اے ایس) میں چیلنج کیا تھا۔
پی ایف اے نے مؤقف اختیار کیا کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم اسرائیلی آبادکاروں کے کلبز کو اسرائیلی لیگ میں شرکت کی اجازت دینا غیر منصفانہ اور بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہے۔
فیفا نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ وہ اسرائیلی فٹبال ایسوسی ایشن یا اس کے کلبز کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرے گا، اور اس فیصلے کی وجہ مغربی کنارے کی بین الاقوامی قانون کے تحت غیر حل شدہ قانونی حیثیت کو قرار دیا گیا۔












جمعہ 1 مئی 2026 