معرکہ حق ،نوجوانوں کا شعور، اعتماد اور جذبہ حب الوطنی ہی دراصل ملک کی اصل طاقت ہےِ،خواجہ آصف

Calender Icon بدھ 6 مئی 2026

معرکۂ حق کو پاکستان کی فیصلہ کن عسکری برتری اور فولادی قومی اتحاد کا ناقابلِ تردید ثبوت قرار دیا جا رہا ہے، جس نے دشمن کو واضح اور دوٹوک پیغام دیا ہے کہ پاکستان اپنی دفاعی صلاحیت اور قومی یکجہتی پر مکمل اعتماد رکھتا ہے۔

وزیرِ دفاع خواجہ آصف( Khawaja Asif) نے اپنے بیان میں کہا کہ معرکۂ حق محض ایک واقعہ نہیں بلکہ ایک ایسی لکیر ہے جو ہمیشہ کے لیے کھینچ دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معرکے نے واضح کر دیا ہے کہ آئندہ کسی بھی مہم جوئی کا جواب پہلے سے کہیں زیادہ شدید اور فیصلہ کن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج کی جوابی صلاحیت دشمن کے اندازوں سے کہیں زیادہ تیز، مربوط اور مؤثر ہے۔ وزیرِ دفاع نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پوری قوم بنیان مرصوص کی طرح اپنی مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے۔

وزیرِ دفاع کے مطابق پاکستانی نوجوانوں کا شعور، اعتماد اور جذبہ حب الوطنی ہی دراصل ملک کی اصل طاقت ہے، اور نئی نسل بخوبی جانتی ہے کہ وطن کا دفاع کس طرح یقینی بنایا جاتا ہے۔

مزیدپڑھیں:ای بائیکس اسکیم، بینکوں کی عدم دلچسپی، پالیسی میں تبدیلی منظور

دوسری جانب نوجوان قیادت نے بھی معرکۂ حق کو ایک تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر اللہ کی مدد کو محسوس کیا گیا اور اس فتح نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

نوجوانوں کا کہنا تھا کہ یہ معرکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک روشن مثال ہے، جبکہ پاکستانی افواج نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دے کر اسے پسپائی پر مجبور کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کو نہ حقیقت میں اور نہ ہی کسی کے خوابوں میں شکست دی جا سکتی۔