یو اے ای سے پاکستانیوں کی ٹارگیٹڈ بے دخلی کی خبریں گمراہ کن ہیں، پاکستان

Calender Icon جمعہ 8 مئی 2026

ڈی پورٹیشن صرف میزبان ملک کے قوانین کے تحت معمول کا عمل ہے،پاکستان کی وزارت داخلہ(ministry of interior) نے متحدہ عرب امارات سے پاکستانیوں کی ٹارگٹڈ بے دخلی کی خبروں کی تردید کر تے ہوئے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات کو گمراہ کن قرار دے دیا۔

وزارت داخلہ نے میڈیا اور بالخصوص سوشل میڈیا کے بعض حصوں میں متحدہ عرب امارات سے پاکستانی شہریوں کی مبینہ ٹارگٹڈ بے دخلی سے متعلق خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور منفی پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔

وزارت داخلہ کے مطابق کسی بھی ملک بشمول یو اے ای سے پاکستانیوں کی مخصوص بنیادوں پر بے دخلی نہیں کی جا رہی۔ اگر کہیں ڈی پورٹیشن ہو رہی ہے تو وہ میزبان ملک کے قوانین، ویزا کی مدت ختم ہونے یا غیر قانونی دستاویزات کی بنیاد پر ایک معمول کا عمل ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی شہری بدستور یو اے ای اور دیگر دوست ممالک کا سفر کر رہے ہیں اور ورک ویزا حاصل کر رہے ہیں اس حوالے سے کسی قسم کی امتیازی پالیسی موجود نہیں۔

مزید پڑھیں:قوم معرکۂ حق میں افواجِ پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بنی رہی،امیر مقام

وزارت داخلہ نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی خبریں من گھڑت اور بدنیتی پر مبنی ہیں جن کا مقصد گمراہ کن تاثر پیدا کرنا ہے۔ کسی بھی پاکستانی شہری کے معاملے کو متعلقہ ملک کے ساتھ سفارتی چینلز کے ذریعے انفرادی بنیاد پر اٹھایا جاتا ہے۔