بلوچستان،ایرانی پٹرول کی قیمت میں اضافہ

Calender Icon اتوار 10 مئی 2026

بلوچستان کے ساحلی اور سرحدی علاقوں میں ایرانی پیٹرول(Irani Petrol) کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد شہریوں اور ٹرانسپورٹرز کو اضافی مالی بوجھ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایران سے متصل ضلع گوادر میں ایرانی پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 30 سے 40 روپے تک اضافہ ہوا ہے۔ چند روز قبل تک ایرانی پیٹرول 170 سے 180 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا، تاہم اب اس کی قیمت بڑھ کر 200 سے 210 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔

تیل کے کاروبار سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں یہ اضافہ حکومتی سطح پر نہیں بلکہ سرحدی علاقے کنٹانی ہور میں کاروباری سرگرمیاں متاثر ہونے کے باعث سامنے آیا ہے، جس سے سپلائی میں کمی پیدا ہوئی اور نرخ بڑھ گئے۔

مزیدپڑھیں:انگلینڈ نے افغانستان کے خلاف باہمی سیریز کھیلنے سے دوبارہ انکار کر دیا

مقامی شہریوں کے مطابق ایرانی پیٹرول نسبتاً کم قیمت ہونے کی وجہ سے سرحدی علاقوں میں زیادہ استعمال کیا جاتا ہے، تاہم حالیہ اضافے نے عام صارفین کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔

دوسری جانب ملک میں پہلے ہی پیٹرول اور ڈیزل کی سرکاری قیمتوں میں اضافے کے باعث مہنگائی میں تیزی دیکھی جا رہی ہے، جبکہ ٹرانسپورٹ اور روزمرہ استعمال کی اشیاء بھی مزید مہنگی ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔