انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ(England and Wales Cricket Board) نے ایک بار پھر واضح کر دیا ہے کہ انگلینڈ مستقبل قریب میں افغانستان کے خلاف کوئی بھی دوطرفہ کرکٹ سیریز نہیں کھیلے گا۔
انگلش بورڈ کے حکام کے مطابق اس فیصلے کی بنیادی وجہ افغانستان میں طالبان حکومت کی جانب سے خواتین اور لڑکیوں پر عائد سخت پابندیاں ہیں۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ خواتین کو تعلیم، کھیلوں اور سماجی سرگرمیوں سے دور رکھنا بین الاقوامی کھیلوں کے اصولوں اور انسانی حقوق کے خلاف ہے۔

ای سی بی کے چیئرمین رچرڈ تھامسن نے اپنے بیان میں کہا کہ افغانستان میں خواتین کے ساتھ روا رکھا جانے والا رویہ صنفی امتیاز کے زمرے میں آتا ہے اور ایسے حالات میں معمول کے کرکٹ تعلقات برقرار رکھنا درست پیغام نہیں دے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ انگلینڈ کھیل کو ہمیشہ برابری، شمولیت اور انسانی وقار کے اصولوں کے مطابق دیکھتا ہے، اس لیے موجودہ صورتحال میں افغانستان کے ساتھ باہمی سیریز کھیلنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
مزیدپڑھیں:شین وارن کی موت زندگی کاتکلیف دہ لمحہ تھا،سابق اہلیہ کاجذباتی بیان
واضح رہے کہ کرکٹ آسٹریلیا بھی طالبان حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد افغانستان کے خلاف متعدد دوطرفہ سیریز منسوخ کر چکا ہے۔ تاہم انگلینڈ نے گزشتہ برس آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں افغانستان کے خلاف میچ کھیلا تھا کیونکہ عالمی ایونٹس میں شرکت سے انکار کرنے کی صورت میں پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا۔
دوسری جانب افغانستان کی جانب سے خواتین کرکٹ ٹیم تشکیل نہ دینے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے قوانین اور پالیسیوں پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، کیونکہ مکمل رکن ممالک کے لیے خواتین کرکٹ کا فعال ڈھانچہ قائم کرنا ضروری تصور کیا جاتا ہے۔
ادھر انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے اپنے 2026 کے ہوم سیزن کے شیڈول کا اعلان بھی کر دیا ہے، جس کے تحت انگلینڈ کی ٹیم نیوزی لینڈ، بھارت، پاکستان اور سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز کھیلے گی۔














اتوار 10 مئی 2026 