پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(IMF) کے درمیان جاری بجٹ مذاکرات میں حکومت کی جانب سے توانائی شعبے میں قیمتوں میں اضافے اور اصلاحات پر اہم یقین دہانیاں کرائی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے ساتھ مذاکرات میں حکومت نے واضح کیا ہے کہ پروٹیکٹڈ صارفین کے علاوہ بجلی اور گیس کے تمام صارفین پر لاگت کا بوجھ منتقل کیا جائے گا۔
توانائی شعبے میں اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ
مذاکرات کے دوران حکام نے توانائی شعبے کی کارکردگی، گردشی قرضے میں کمی اور آئندہ مالی اہداف پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹس اور ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹس کا نفاذ جاری رہے گا۔
حکام کے مطابق عالمی توانائی قیمتوں کا مکمل اثر صارفین تک منتقل کرنے کی پالیسی برقرار رکھی گئی ہے۔
مزیدپڑھیں:بنگلہ دیش ٹیم کو بڑا دھچکا،دو اہم اوپنرز انجری کا شکار، متبادل کھلاڑی اسکواڈ میں شامل
سبسڈی ٹارگٹڈ نظام تک محدود
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے کم آمدن طبقے کے لیے محدود اور ہدف شدہ سبسڈی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ دیگر صارفین کے لیے نرخوں میں ردوبدل کا عمل جاری رہے گا۔
گردشی قرضے میں کمی کے اقدامات
بریفنگ میں بتایا گیا کہ بجلی اور گیس کے گردشی قرضے سے متعلق جامع منصوبہ بندی جاری ہے۔ حکومت نے گیس سیکٹر کا آڈٹ شدہ ڈیٹا تیار کر لیا ہے اور اسے سہ ماہی بنیادوں پر پبلک کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ مالی سال 2027 کے لیے گردشی قرضے میں اضافے کو محدود کرنے اور طویل المدتی طور پر اسے ختم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
آئی پی پیز سے معاہدے اور نجکاری کا عمل
حکام کے مطابق آزاد پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے ساتھ واجبات اور جرمانوں کے تصفیے کو حتمی شکل دینے پر کام جاری ہے، جبکہ بجلی کے شعبے میں مسابقتی مارکیٹ کے قیام کی پیشرفت بھی جاری ہے۔
مزید بتایا گیا کہ بعض ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری کا عمل 2027 کے آغاز تک مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
سبسڈی اور مالی اہداف
حکومتی حکام نے آئی ایم ایف کو بتایا کہ بجلی کے شعبے کی سبسڈی کو مالی سال 2027 میں جی ڈی پی کے 0.6 فیصد تک محدود رکھا جائے گا، جبکہ گردشی قرضے میں اضافے کو بھی قابو میں رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے مالی سال 2031 تک بجلی کے شعبے کا گردشی قرض صفر کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔












جمعہ 15 مئی 2026 