نمرہ اور اسد کی طویل عرصے بعد واپسی، نیا کاروبار شروع کر دیا

Calender Icon جمعہ 15 مئی 2026

سوشل میڈیا کی معروف جوڑی نمرہ(Nimra) اور اسد(Asad) طویل عرصے بعد دوبارہ منظرِ عام پر آ گئے ہیں۔ دونوں نے فیملی ولاگنگ سے دوری اختیار کرنے کے بعد اب اپنے نئے اسکن کیئر برانڈ کے ذریعے واپسی کی ہے، جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔

نمرہ اور اسد 2020 میں اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے تھے جب انہوں نے محض 18 سال کی عمر میں شادی کی تھی۔ کلاس میٹ ہونے کے باعث ان کی شادی کی تصاویر نے انٹرنیٹ پر خوب شہرت حاصل کی اور مختصر وقت میں یہ جوڑی سوشل میڈیا کی مقبول ترین شخصیات میں شامل ہو گئی تھی۔

کچھ عرصہ قبل دونوں نے فیملی ولاگنگ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنی نجی زندگی کو عوامی نظروں سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس دوران اسد کبھی کبھار اپنے کاروبار اور والد ہونے کے تجربات مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے رہے، جبکہ نمرہ مکمل طور پر سوشل میڈیا سے دور رہیں۔

مزیدپڑھیں:انڈونیشیا کی نایاب سیاہ مرغی نے دنیا کو حیران کر دیا

اب کافی عرصے بعد دونوں ایک نئی ویڈیو میں ایک ساتھ نظر آئے جہاں انہوں نے اپنے نئے اسکن کیئر برانڈ کی تشہیر کی۔ ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے فیملی ولاگنگ چھوڑ کر اسکن کیئر کے شعبے میں قدم ایک خاص مقصد کے تحت رکھا ہے۔ ان کے مطابق وہ پاکستان میں اعلیٰ معیار کی کوریائی مصنوعات کے سستے متبادل متعارف کروانا چاہتے ہیں تاکہ صارفین کو کم قیمت میں بہتر معیار کی مصنوعات دستیاب ہو سکیں۔

تاہم اس ویڈیو میں سب سے زیادہ توجہ نمرہ کے نئے انداز نے حاصل کی، جو مکمل حجاب اور نقاب میں دکھائی دیں۔ سوشل میڈیا صارفین نے ان کے اس روپ کو خوب سراہا اور ان کی سادگی و پردے کی تعریف کی۔ کئی مداحوں کا کہنا تھا کہ شہرت ملنے کے بعد اکثر لوگ جدید طرزِ زندگی کی جانب مائل ہو جاتے ہیں، مگر نمرہ نے سادگی اور پردے کو ترجیح دے کر ایک مثبت مثال قائم کی ہے۔

دوسری جانب مداحوں نے اسد اور نمرہ کے نئے کاروباری سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کا نیا برانڈ کامیاب رہے گا۔