گوگل کی مفت 15 جی بی اسٹوریج ختم ہونے کا امکان، نئی پالیسی پر کام جاری

Calender Icon ہفتہ 16 مئی 2026

گوگل نے اپنی مفت کلاؤڈ اسٹوریج (Cloud Storage)پالیسی میں ممکنہ تبدیلی کا اشارہ دیا ہے، جس کے تحت نئے صارفین کے لیے جی میل اکاؤنٹ بنانے پر دی جانے والی 15 جی بی مفت اسٹوریج میں کمی کی آزمائش کی جا رہی ہے۔ یہ اقدام ان صارفین کے لیے اہم تبدیلی ثابت ہو سکتا ہے جو گوگل سروسز پر ڈیٹا محفوظ رکھنے کے عادی ہیں۔

فی الحال گوگل ہر نئے اکاؤنٹ کے ساتھ 15 جی بی مفت اسٹوریج فراہم کرتا ہے، جو جی میل، گوگل ڈرائیو اور گوگل فوٹوز سمیت مختلف سروسز میں مشترکہ طور پر استعمال ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ سہولت زیادہ تر صارفین کے لیے کافی سمجھی جاتی ہے اور اضافی اسٹوریج خریدنے کی ضرورت کم پیش آتی ہے۔

تاہم اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق گوگل اب ایک نئے ماڈل کی آزمائش کر رہا ہے، جس میں نئے اکاؤنٹس کو صرف 5 جی بی مفت اسٹوریج دی جا سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ایک اور امکان بھی زیر غور ہے کہ اگر صارف اپنے اکاؤنٹ میں فون نمبر شامل کرے تو اسے دوبارہ 15 جی بی اسٹوریج فراہم کی جائے گی۔

مزیدپڑھیں:سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ، کاروباری اوقات سے پابندیاں ختم

اس حوالے سے سامنے آنے والے ایک اسکرین شاٹ میں بھی یہ اشارہ دیا گیا ہے کہ کمپنی اپنی موجودہ پالیسی میں تبدیلی پر تجرباتی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ تاہم گوگل کی آفیشل سپورٹ دستاویزات میں اب بھی یہی درج ہے کہ ہر اکاؤنٹ کے ساتھ 15 جی بی مفت اسٹوریج دی جاتی ہے۔

گوگل نے اس معاملے پر مؤقف دیتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ وہ نئے اکاؤنٹس کے لیے اسٹوریج پالیسی میں تبدیلی کی آزمائش کر رہا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ تجربہ مخصوص خطوں میں محدود پیمانے پر کیا جا رہا ہے تاکہ اکاؤنٹ سیکیورٹی بہتر بنائی جا سکے اور ڈیٹا ریکوری کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

ٹیک ماہرین کے مطابق اگر یہ تبدیلی وسیع پیمانے پر نافذ ہوتی ہے تو اس کا براہ راست اثر عام صارفین پر پڑے گا، خاص طور پر ان افراد پر جو گوگل ڈرائیو کو بنیادی اسٹوریج حل کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ اس صورت میں زیادہ صارفین کو ممکنہ طور پر گوگل ون جیسے پیڈ پلانز کی طرف جانا پڑ سکتا ہے۔