سندھ حکومت(Sindh Government) نے کفایت شعاری مہم کے تحت نافذ کیے گئے کاروباری اوقات سے متعلق پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد کراچی سمیت صوبے بھر میں مارکیٹیں، دکانیں اور شاپنگ سینٹرز معمول کے مطابق کھلے رہ سکیں گے۔
حکام کے مطابق گزشتہ ماہ جاری کیا گیا وہ نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا ہے جس کے تحت کاروباری سرگرمیوں کے اوقات محدود کیے گئے تھے۔ نئے فیصلے کے بعد تمام تجارتی مراکز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور شاپنگ مالز اپنی روایتی ٹائمنگ کے مطابق کھلے رہیں گے اور کسی اضافی وقت کی پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔
صوبائی حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ تاجروں، کاروباری برادری اور عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، کیونکہ وقت کی پابندی کے باعث کاروباری سرگرمیوں پر منفی اثرات پڑ رہے تھے۔ نئے نوٹیفکیشن کے بعد شہریوں کو خریداری اور دیگر تجارتی سرگرمیوں میں پہلے جیسی سہولت دوبارہ حاصل ہو گئی ہے۔
دوسری جانب پنجاب میں بھی اسی نوعیت کی نرمی پہلے ہی کی جا چکی ہے، جہاں حکومت نے یکم جون تک کاروباری اوقات میں توسیع کرتے ہوئے رات 8 بجے تک کی پابندی ختم کر دی تھی۔ اس فیصلے کا اطلاق صوبے بھر کی مارکیٹوں، شاپنگ مالز، ہوٹلز اور ریسٹورنٹس پر کیا گیا تھا، جس کے بعد وہاں بھی تجارتی سرگرمیاں معمول پر آ گئی تھیں۔
مزیدپڑھیں:کار رینٹل کمپنی کا ڈیٹا تباہ، اے آئی سسٹم بے قابو ہو گیا
معاشی ماہرین کے مطابق دونوں صوبوں میں پابندیوں میں نرمی سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو ریلیف ملے گا، جبکہ مارکیٹوں میں گاہکوں کی آمد میں بھی اضافہ متوقع ہے۔












ہفتہ 16 مئی 2026 