صحیفہ جبار کا ہیئر کٹ پر تنقید کرنے والوں کو دو ٹوک جواب

Calender Icon اتوار 17 مئی 2026

پاکستانی ماڈل و اداکارہ صحیفہ جبار خٹک(Sahifa Jabbar Khattak) ایک بار پھر سوشل میڈیا پر بحث کا مرکز بن گئی ہیں، اس بار ان کے نئے ہیئر کٹ پر ہونے والی تنقید اور اس پر ان کے دو ٹوک ردعمل نے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

صحیفہ جبار نے تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ آخر خواتین کو ہی ہر بات پر کیوں نشانہ بنایا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مرد جب اپنے بال کٹواتے ہیں تو کوئی سوال نہیں کرتا، لیکن خواتین کے ہر فیصلے پر رائے دینا اور انہیں جج کرنا معمول بنا لیا گیا ہے۔

اداکارہ کے مطابق معاشرے میں خواتین کو لباس، کیریئر، شادی اور ذاتی فیصلوں سمیت ہر چیز پر غیر ضروری تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ یہی رویہ مردوں کے ساتھ نہیں اپنایا جاتا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حالیہ عرصے میں انہیں سب سے زیادہ تنقید خواتین کی جانب سے ہی ملی ہے، جو ان کے لیے حیران کن ہے۔

اسی دوران صحیفہ جبار کی ایک اور ویڈیو بھی وائرل ہوئی جس میں وہ جم میں کولڈ پلنج واٹر ایکسرسائز کرتی دکھائی دیں۔ ویڈیو میں وہ برفیلے پانی کے سیشن سے لطف اندوز ہوتی نظر آئیں جبکہ کیپشن میں انہوں نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ لوگ بھی کولڈ پلنج کی طرح ٹھنڈے رہیں۔

مزیدپڑھیں:احمد علی بٹ نے ہانیہ عامر کو بابرہ شریف سے تشبیہہ دے دی

یہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا۔ کچھ صارفین نے ان کے انداز اور طرزِ زندگی پر تنقید کی اور اسے غیر روایتی قرار دیا، جبکہ کچھ نے اسے ذاتی پسند کا معاملہ قرار دیتے ہوئے حمایت کی۔

کئی صارفین نے کہا کہ تنقید کا سلسلہ اس وقت بڑھتا ہے جب شخص خود زیادہ نمایاں اور بولڈ مواد شیئر کرے، تاہم دوسرا طبقہ اس بات پر قائم رہا کہ ہر فرد کو اپنی زندگی اپنی مرضی سے گزارنے کا حق حاصل ہے اور بلاوجہ ذاتی حملوں سے گریز کیا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ صحیفہ جبار خٹک اس سے قبل بھی اپنے بیانات اور سوشل میڈیا سرگرمیوں کے باعث خبروں میں رہ چکی ہیں، اور ان کے اندازِ زندگی پر اکثر آن لائن بحث جاری رہتی ہے۔