پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس، حکومت پر شدید تحفظات

Calender Icon پیر 18 مئی 2026

اسلام آباد میں آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن(All Pakistan Private Schools and Colleges Association) نے پنجاب حکومت کے قبل از وقت گرمیوں کی چھٹیوں کے فیصلے کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایسوسی ایشن نے اس حوالے سے ایک ہنگامی اجلاس وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ایف-8 میں منعقد کیا، جس میں تعلیمی اداروں کی جلد بندش پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی صدر ڈاکٹر ابرار حسین نے کہا کہ اسکولوں کی قبل از وقت بندش طلبہ کے تعلیمی مستقبل کے لیے نقصان دہ ہے اور اس سے نظامِ تعلیم مزید متاثر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بار بار تعطیلات اور طویل چھٹیوں کے باعث پہلے ہی تعلیمی عمل سست روی کا شکار ہے، جبکہ اس فیصلے سے اسکولوں سے باہر بچوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔

مزیدپڑھیں:صادق آباد سے سیالکوٹ جانے والے قربانی کے جانور راستے میں ہلاک

ڈاکٹر ابرار حسین نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ تعلیمی پالیسیوں میں تسلسل برقرار رکھا جائے اور اسکولوں کو غیر ضروری طور پر بند نہ کیا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ نجی تعلیمی ادارے اس فیصلے کے خلاف قانونی راستہ اختیار کریں گے اور بچوں کی تعلیم کے نقصان کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔