سینیٹ اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ(Rana Sanaullah) نے حکومت کی جانب سے اپوزیشن کو مذاکرات کی پیشکش دہراتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم متعدد بار بات چیت کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ سیاسی اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے اور اگر اپوزیشن آمادہ ہو تو 24 گھنٹوں کے اندر وزیراعظم سے ملاقات بھی ممکن ہے۔ ان کے مطابق بات چیت کا آغاز اسی نکتے سے ہوگا جہاں سے پہلے رکی تھی۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سینیٹر راجہ ناصر عباس سمیت دیگر رہنماؤں کے لیے مذاکرات کا دروازہ کھلا ہے، تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ وہ خود پہلا قدم اٹھائیں اور واضح مؤقف کے ساتھ سامنے آئیں۔
مزید پڑھیں؛پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا کی حکومت پر تنقید
اجلاس کے دوران انہوں نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیل قوانین کے تحت تمام قیدیوں کو سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں اور ان کے علاج معالجے کے لیے دستیاب بہترین طبی سہولیات دی جا رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جیل رولز میں ایسا کوئی قانون موجود نہیں کہ کسی قیدی کے علاج کے لیے خصوصی انتظامات یا اہل خانہ کی نگرانی لازمی ہو۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ طبی سہولیات معیار کے مطابق ہیں۔












پیر 18 مئی 2026 