ایک اہم پیشرفت میں ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ بشریٰ بی بی(Bushra Bibi) کی بیٹی کو جلد اڈیالہ جیل میں اپنی والدہ سے ملاقات کی اجازت دیے جانے کا امکان ہے۔
یہ پیش رفت رازداری سے جاری کوششوں اور بیک چینل رابطوں کا نتیجہ ہے جن کا مقصد فیملی کی ملاقاتوں سے متعلق کشیدگی کم کرنا ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق، اس بات کا قوی امکان ہے کہ غیر رسمی ذرائع کے تحت متعلقہ حکام سے رابطے کے بعد یہ ملاقات ممکن ہو سکے گی۔
اس سے قبل بھی بشریٰ بی بی کی بیٹی کو اپنی والدہ سے ملاقات کی اجازت دی گئی تھی، تاہم بعد میں جب اس ملاقات کی تفصیلات بشریٰ بی بی کی بہن کے ساتھ شیئر کی گئیں اور بعد ازاں سوشل میڈیا پر سامنے آئیں تو ملاقات کی مزید درخواستوں پر اُنہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق، حکام نے اس انکشاف کو اس مفاہمت کی خلاف ورزی قرار دیا کہ ان ملاقاتوں کی تفصیلات عوامی سطح پر زیرِ بحث نہیں لائی جائیں گی۔ ادھر عمران خان کی بہنوں کو ان سے ملاقات کی اجازت دلانے کیلئے بھی کوششیں جاری ہیں۔
تاہم، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے پیش رفت کا انحصار اس بات پر ہو سکتا ہے کہ اہلِ خانہ تحریری یقین دہانی کرائیں کہ وہ ملاقاتوں کے بارے میں عوامی بیانات سے گریز کریں گے۔ علاوہ ازیں، ذرائع نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی کے حالیہ بیانات پر پاکستان تحریکِ انصاف کو تحفظات سے آگاہ کیا گیا ہے۔
یہ تحفظات مبینہ طور پر پشین میں ایک عوامی اجتماع کے دوران اور 14؍ مئی کو خیبر پختونخوا ہائوس اسلام آباد میں غیر ملکی میڈیا سے جڑے صحافیوں کے ساتھ ملاقات کے دوران آفریدی سے منسوب بیانات کے بعد سامنے آئے۔
مزیدپڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف اور اے آئی آئی بی کے صدر کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق
انٹیلی جنس اطلاعات کے مطابق سہیل آفریدی نے مبینہ طور پر ایسے بیانات دیے جو براہِ راست فوج پر تنقید سمجھے جاتے ہیں، اس وجہ سے سرکاری حلقوں میں تشویش اور ناراضی پائی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق، یہ تحفظات بعد ازاں پی ٹی آئی قیادت تک پہنچا دیے گئے۔
ایک ذریعے نے دعویٰ کیا کہ یہ تحفظات چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان تک بھی پہنچائے گئے، جنہوں نے مبینہ طور پر یقین دہانی کرائی کہ اگر خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ سے متعلق الزامات درست ہوئے تو آئندہ ایسا نہیں ہوگا۔
تاہم نجی خبررساں ادارے کے رابطہ کرنے پر بیرسٹر گوہر علی خان نے اس معاملے پر تبصرے سے انکار کیا۔ اڈیالہ جیل میں بشریٰ بی بی کی بیٹی کی ملاقات دراصل بعض حلقوں کی جانب سے سیاسی کشیدگی کم کرنے اور اعتماد سازی کے اقدامات کیلئے جاری کوششوں کا نتیجہ قرار دی جا رہی ہے۔
انصارعباسی












منگل 19 مئی 2026 