اسلام آباد میں ٹک ٹاکر Sana Yousaf کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ملزم عمر حیات عرف کاکا نے عدالت میں اپنے خلاف عائد تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے مقدمے کو جھوٹا اور منصوبہ بندی کے تحت بنایا گیا کیس قرار دے دیا۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے کی۔ دورانِ سماعت ملزم عمر حیات کا ضابطہ فوجداری کی دفعہ 342 کے تحت بیان قلمبند کیا گیا۔
ابتدائی طور پر ملزم نے اپنے وکیل کی عدم موجودگی میں سوالات کے جواب دینے سے انکار کیا، تاہم عدالت نے واضح کیا کہ دفعہ 342 کے تحت بیان جج اور ملزم کے درمیان ہوتا ہے، جس کے بعد کارروائی جاری رکھی گئی۔
سماعت کے دوران عدالت نے ملزم سے قتل، مقتولہ کے موبائل فون، کرائے کی گاڑی، لوکیشن ڈیٹا، شناخت پریڈ اور مبینہ اعترافِ جرم سے متعلق متعدد سوالات کیے، تاہم ملزم نے تمام الزامات کو مسترد کر دیا۔
ملزم عمر حیات نے مؤقف اختیار کیا کہ اس کا ثنا یوسف سے کوئی رابطہ نہیں تھا اور نہ ہی اس نے قتل کا کوئی اعتراف یا انکشاف کیا ہے۔ اس نے دعویٰ کیا کہ پولیس نے اسے صرف شک کی بنیاد پر گرفتار کیا اور دورانِ حراست تشدد کا نشانہ بنا کر خالی کاغذات پر انگوٹھے لگوائے گئے۔
عدالت نے ملزم سے سوال کیا کہ دورانِ تفتیش مقتولہ کے موبائل فون سے “کاکا” کے نام سے ایک نمبر ملا جو فرانزک کے بعد ملزم کے زیر استعمال نکلا، اس پر ملزم نے جواب دیا کہ وہ اپنے وکیل کے بغیر اس سوال کا جواب نہیں دے سکتا۔
مزیدپڑھیں:عمر گل نے شاہین آفریدی سے اختلافات کی خبروں کو مسترد کر دیا
جج نے مزید پوچھا کہ کیا وہ ثنا یوسف کے گھر گیا، وہاں فائرنگ کی اور موبائل فون لے کر فرار ہوگیا؟ اس پر بھی ملزم نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے خود کو بے قصور قرار دیا۔
سماعت کے دوران کمرہ عدالت میں ویڈیو بنانے کے معاملے پر جج اور وکیلِ صفائی کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا، جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت منگل تک ملتوی کر دی۔
عدالتی ذرائع کے مطابق کیس اب اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور آئندہ سماعت پر فیصلہ محفوظ کیے جانے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال جون میں اسلام آباد میں ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو ان کے گھر میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ واقعے کے بعد ملزم فیصل آباد فرار ہوگیا تھا، جہاں سے اسے گرفتار کیا گیا۔ بعد ازاں ملزم کی شناخت عمر حیات عرف کاکا کے نام سے ہوئی، جو خود بھی سوشل میڈیا شخصیت بتایا جاتا ہے۔












منگل 19 مئی 2026 