وزیراعظم شہباز شریف 4 روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے

Calender Icon ہفتہ 23 مئی 2026

وزیراعظم شہباز شریف (Shahbaz Sharif) 4 روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کا پہلا مرحلہ ہانگژو میں شروع ہوا۔

دورے میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کا یہ دورہ 26 مئی تک جاری رہے گا، جس کا بنیادی مقصد پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا، سیاسی روابط بڑھانا اور معاشی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

دورے کے دوران وزیراعظم ہانگژو میں ژجیانگ صوبے کے پارٹی سیکرٹری سے ملاقات کریں گے، جبکہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔

مزید پڑھیں؛حج آپریشنز کی ڈیجیٹلائزیشن، این آئی ٹی بی نے نظام سنبھال لیا

مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان جاری سی پیک فیز 2 کے تحت مختلف تجارتی اور سرمایہ کاری منصوبوں پر پیش رفت کے لیے بزنس فورمز اور معاہدوں کے تبادلے کی تقریبات بھی منعقد ہوں گی۔

وزیراعظم چینی کمپنیوں کے سی ای اوز سے ملاقاتیں کریں گے اور اہم صنعتی و زرعی اداروں کے دورے بھی کریں گے، جن میں چائنہ اکیڈمی آف ایگری کلچر سائنسز شامل ہے۔

بعد ازاں وزیراعظم بیجنگ روانہ ہوں گے جہاں ان کی ملاقات چینی صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی چیانگ سے متوقع ہے۔

دورے کے دوران پاک چین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی تقریبات میں بھی شرکت کی جائے گی۔