ایک ماہ میں ہائی اسپیڈ ڈیزل 61 روپے سے زائد مہنگا

Calender Icon اتوار 24 مئی 2026

وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات(Petroleum Products) کی قیمتوں میں مسلسل رد و بدل کے باوجود شہریوں پر مہنگائی کا بوجھ برقرار ہے۔

گزشتہ ایک ماہ کے دوران پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں مجموعی طور پر تین مرتبہ اضافہ جبکہ دو بار کمی کی گئی، تاہم مجموعی رجحان اب بھی مہنگائی کی جانب ہی رہا۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق اس عرصے میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں مجموعی طور پر 61 روپے 16 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جبکہ مختلف اوقات میں مجموعی طور پر صرف 11 روپے 80 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی۔ اس حساب سے جزوی کمی کے باوجود ڈیزل کی قیمت میں مجموعی طور پر 49 روپے 36 پیسے فی لیٹر کا اضافہ برقرار ہے۔

ذرائع کے مطابق حالیہ کمی کے باوجود ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 400 روپے فی لیٹر سے اوپر ہی رہیں، جس کے باعث ٹرانسپورٹ، زرعی شعبے اور عام صارفین کی مشکلات میں کمی نہیں آ سکی۔

مزیدپڑھیں:چمن پھاٹک کے قریب شٹل ٹرین پر زور دار دھماکا، 15 مسافر زخمی

ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں اور روپے کی قدر میں اتار چڑھاؤ کے باعث حکومت کو بار بار قیمتیں ایڈجسٹ کرنا پڑ رہی ہیں، جس کا براہ راست اثر عوام پر پڑ رہا ہے۔

دوسری جانب عوامی حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ حکومت پیٹرولیم قیمتوں میں مستقل بنیادوں پر استحکام لانے کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائے تاکہ روزمرہ اخراجات میں کمی آ سکے۔