اسلام آباد: پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (ISPR) نے بین الاقوامی یومِ اقوام متحدہ امن فوجیوں 2026 کے موقع پر کہا ہے کہ پاکستان عالمی امن کے قیام میں کردار ادا کرنے والے ’’بلیو ہیلمٹس‘‘ کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان گزشتہ چھ دہائیوں سے اقوام متحدہ کے امن مشنز کا فعال حصہ رہا ہے۔ 1960 سے اب تک 2 لاکھ 37 ہزار سے زائد پاکستانی امن فوجی مختلف ممالک میں خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ 183 اہلکار عالمی امن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ بھی پیش کر چکے ہیں۔
ترجمان کے مطابق پاکستانی امن دستے اس وقت بھی دنیا کے مختلف حساس اور خطرناک خطوں میں تعینات ہیں، جن میں کانگو، جنوبی سوڈان اور وسطی افریقی جمہوریہ شامل ہیں۔ وہاں پاکستانی اہلکار نہ صرف سکیورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں بلکہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مختلف امدادی سرگرمیوں میں بھی حصہ لے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں؛ملک چلانے کیلئے ہم سب ملکر اسٹیبلشمنٹ کے ہاتھ مضبوط کرینگے، آصف زرداری
آئی ایس پی آر نے کہا کہ آج کے دور میں امن مشنز کو روایتی جنگی حالات کے ساتھ ساتھ جدید اور پیچیدہ چیلنجز کا بھی سامنا ہے، جن میں سائبر خطرات، غلط معلومات کی مہم، سیاسی عدم استحکام اور موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق 2026 کے عالمی دن کا موضوع ’’امن میں سرمایہ کاری کریں‘‘ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ دنیا کو صرف تنازعات کے بعد ردعمل دینے کے بجائے پیشگی امن کے قیام پر توجہ دینی چاہیے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پائیدار امن کے لیے جدید ٹیکنالوجی، بہتر تربیت، مضبوط شہری تحفظ کے نظام اور موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان اور مسلح افواج اقوام متحدہ کے امن مشنز کے مقاصد اور اصولوں کے ساتھ اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں اور عالمی امن کے لیے اپنی خدمات جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔












جمعہ 29 مئی 2026 