چوہدری شجاعت حسین کی ہدایت پر مسلم لیگ کے مرکزی وفود گلگت اور سکردو پہنچ گئے

Calender Icon پیر 1 جون 2026

اسلام آباد / گلگت : پاکستان مسلم لیگ (PMLQ)کے صدر کی ہدایت پر پارٹی کے مرکزی رہنماؤں کے وفود گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں انتخابی مہم میں حصہ لینے کے لیے پہنچ گئے ہیں۔

چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ کے دورِ حکومت میں گلگت بلتستان میں ترقی کا ایک نیا باب رقم ہوا۔ مسلم لیگ نے خطے کو جدید انفراسٹرکچر، بہتر شاہراہوں، تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نعروں اور وعدوں کے بجائے جماعتوں کی عملی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے آزادی کی جدوجہد میں بے مثال قربانیاں دے کر پاکستان کے ساتھ اپنی وابستگی کا ثبوت دیا، اور پوری قوم ان کی حب الوطنی اور قومی خدمات کی معترف ہے۔ انہوں نے اظہارِ یقین کیا کہ 7 جون کو انتخابی نشان “ٹریکٹر” بڑی کامیابی حاصل کرے گا اور مسلم لیگی امیدوار عوامی اعتماد پر پورا اتریں گے۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفیٰ ملک اور صدر اسلام آباد رضوان صادق خان گلگت میں پارٹی امیدواروں کی انتخابی سرگرمیوں میں شریک ہیں، جبکہ چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد، مرکزی نائب صدر انیلہ ایاز اور صدر پنجاب ملک ثمین سکردو میں انتخابی اجتماعات اور عوامی رابطہ مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔

ترجمان پاکستان مسلم لیگ کے مطابق جماعت کے 10 امیدوار مختلف حلقوں سے انتخابات میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں اور انتخابی مہم تیزی سے جاری ہے۔

مزیدپڑھیں:نئے بجٹ سے قبل گوہر اعجاز کا شیڈو بجٹ حکومت کو پیش

مرکزی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفیٰ ملک نے کہا کہ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین، صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین اور سیکرٹری جنرل محمد طارق حسن انتخابی مہم کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام مسلم لیگی امیدواروں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں اور متعدد آزاد امیدوار بھی مسلم لیگ کے امیدواروں کے حق میں دستبردار ہو چکے ہیں۔

غلام مصطفیٰ ملک نے کہا کہ 7 جون کا سورج مسلم لیگی امیدواروں کی کامیابی کی نوید لے کر طلوع ہوگا اور عوامی حمایت کے ذریعے مسلم لیگ گلگت بلتستان میں ایک مضبوط سیاسی قوت کے طور پر ابھرے گی۔