خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں 5.3 شدت کا زلزلہ

Calender Icon منگل 2 جون 2026

خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے (Earthquake)کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جن سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق چترال، سوات، دیر، شانگلہ، بونیر اور ملاکنڈ کے نواحی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.3 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی زیر زمین گہرائی تقریباً 191 کلومیٹر بتائی گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان کے کوہ ہندوکش پہاڑی سلسلے میں تھا، جو خطے میں درمیانی شدت کے زلزلوں کے لیے ایک معروف زون سمجھا جاتا ہے۔ گہرائی زیادہ ہونے کے باعث زلزلے کے جھٹکے وسیع علاقے تک محسوس کیے گئے، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

زلزلے کے بعد مختلف اضلاع میں لوگ گھروں سے باہر کھلے مقامات پر جمع ہو گئے۔ ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ نے صورتحال پر نظر رکھ لی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

مزیدپڑھیں:امریکی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم کو ’’پاگل‘‘ اور ’’ناشکرا‘‘ قراردے دیا

ماہرین ارضیات کا کہنا ہے کہ ہندوکش ریجن میں زیر زمین پلیٹوں کی حرکت کے باعث اس نوعیت کے زلزلے وقتاً فوقتاً آتے رہتے ہیں، تاہم شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے محفوظ رہا جا سکے۔