بلوچستان میں پیٹرول اور ڈیزل 500 روپے فی لیٹر فروخت ہونے لگا

Calender Icon جمعرات 4 جون 2026

 بلوچستان(Balochistan) کے مختلف اضلاع میں پیٹرولیم مصنوعات کی شدید قلت نے عوامی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، جبکہ بعض علاقوں میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں غیرمعمولی سطح تک پہنچ گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق صوبے کے متعدد شہروں اور دور دراز علاقوں میں پیٹرول اور ڈیزل کی دستیابی متاثر ہونے کے باعث قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ بعض مقامات پر پیٹرول اور ڈیزل 500 روپے فی لیٹر تک فروخت کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس سے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

پیٹرول پمپس پر ایندھن کی محدود دستیابی یا مکمل بندش کے باعث گاڑی مالکان کو طویل انتظار اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایندھن کی کمی نے روزمرہ زندگی کو متاثر کر دیا ہے اور آمدورفت کے مسائل میں اضافہ ہو گیا ہے۔

مقامی افراد کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا اثر صرف ٹرانسپورٹ کے شعبے تک محدود نہیں رہے گا بلکہ اشیائے خورونوش اور دیگر ضروری سامان کی ترسیل بھی متاثر ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں مہنگائی میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

مزیدپڑھیں:افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے معرکہ حق ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ

شہریوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی فوری طور پر بحال کی جائے اور مصنوعی قلت پیدا کر کے ناجائز منافع خوری کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی بحال کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا جلد از جلد خاتمہ کیا جا سکے۔